گوپا ل گنج، 18؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے گوپال گنج ضلع میں 15لوگوں کی موت بظاہر زہریلی شراب پینے سے یا ملاوٹی مشروبات سے ہونے کا خدشہ ہے۔بہار میں گذشتہ اپریل سے مکمل شراب بندی لاگو ہے۔وزیر اعلی نتیش کمار نے آج یہاں اس حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنت کی فا رنسک جانچ اور خون کے نمونوں کی جانچ سے حقیقت کا پتہ چل سکے گا۔گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ راہل کمار نے بتایا کہ مرنے والوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لوگوں کی موت زہریلی شراب یا کوئی ملاوٹی مشروبات پینے سے ہوئی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ روی رنجن کمار نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ آج آنتوں کی فارنسک اور خون کی جانچ کی اجازت لینے کے لیے عدالت کا رخ کرے گا۔وزیر اعلی نتیش کمار نے پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس حادثے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثہ کی وجہ زہریلی شراب ہو سکتی ہے لیکن ہمارے لیے کچھ بھی سرکاری طور پر بولنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں اعلی سطح پر معاملے پر نظر رکھی جا رہی ہے۔نتیش نے کہا کہ جانچ سے اگر یہ ثابت ہوا کہ موت زہریلی شراب پینے سے ہوئی ہے تو شراب بنانے اور پلانے کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے ساتھ ہی متاثرین کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا ۔